ایران امریکا مذاکرات، امیر قطر کی کشیدگی ختم کروانے کیلیے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کی تعریف

وزیراعظم اور امیر قطر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، شہباز شریف نے کشیدگی ختم کروانے کیلیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا


ویب ڈیسک March 25, 2026

وزیراعظم اور امیر قطر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں شیخ تمیم بن حمد الثانی نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کیلیے پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج شام قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ 

دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی کے ساتھ خوشگوار انداز میں گفتگو کی اور شہباز شریف نے امیر قطر و عوام کو عید الفطر کی مبارک باد دی جبکہ امیر قطر نے بھی عید کی مبارک باد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے خطے میں جاری جنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے  قطر اور دیگر برادر خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور ان حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار جبکہ زخمیوں کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے شیخ تمیم بن حمد الثانی اور قطر کے برادر عوام کو  اس مشکل وقت میں پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلایا جبکہ موجودہ صورت حال کے تناظر میں قطر کے غیر معمولی تحمل کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی سفارتی رسائی اور  امن کی کوششوں سے  امیر قطر کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل تمام فریقوں سے کشیدگی کم کرنے اور بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے اپنے اختلافات کو حل کرنے پر زور دیا ہے۔

امیر قطر نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطے جاری رکھنے پراتفاق بھی کیا۔ 
 

مقبول خبریں