جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو ذمے دار عمران قادری ہونگے اسفند یار ولی

اے این پی کسی بھی صورت غیرجمہوری اورغیرآئینی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی، اسفند یار ولی


Numaindgan Express August 18, 2014
اے این پی کسی بھی صورت غیرجمہوری اورغیرآئینی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی، اسفند یار ولی فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی انتخابات میں اسفند یارولی خان پانچویں مرتبہ پارٹی کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے جبکہ جنرل سیکرٹری کے عہدہ پر سینیٹر افراسیاب خٹک میدان سے آؤٹ اور میاں افتخار حسین پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری منتخب ہوگئے۔

انتخابی نتائج کے مطابق حاجی غلام احمد بلور کو پارٹی کامرکزی سینئر نائب صدر، بشریٰ گوہر نائب صدر جبکہ زاہد خان کومرکزی سیکریٹری اطلاعات منتخب کرلیا گیا۔ اتوار کو ولی باغ چارسدہ میں اسفند یارولی کی رہائش گاہ پر حاجی عدیل کی نگرانی میں پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کااجلاس ہوا۔ پارٹی صدر منتخب ہونے پراجلاس سے خطاب میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی کسی بھی صورت غیرجمہوری اورغیرآئینی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی، مرکز اور صوبوں میں جس کو بھی مینڈیٹ ملا ہے اس کا احترام کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ اے این پی نواز شریف کے ساتھ نہیں بلکہ جمہوریت کے ساتھ ہے اورہم جمہوریت کوڈی ریل ہونے سے بچاناچاہتے ہیںجس کے لیے ہم کسی بھی غیرآئینی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کنپٹی پرپستول رکھ کراستعفیٰ مانگنا کہاں کی جمہوریت ہے؟ اگر دھرنوں اور مارچزسے جمہوریت ڈی ریل ہوتی ہے تواس کی 100 فیصد ذمے داری عمران خان اور طاہرالقادری پر عائد ہوگی، موجودہ حالات میں تمام سیاستدانوں کو مل بیٹھ کرمسائل کا حل نکالناچاہیے۔

مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق اسفند یارولی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بچے مر رہے ہیں اور وزیراعلیٰ اسلام آباد میں ناچ رہے ہیں۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے اسفند یار کو عوامی نیشنل پارٹی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔