اسرائیل مسلم ممالک کو طویل المدتی جنگ میں الجھانا چاہتا ہے، ترک وزیرخارجہ

ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے تصدیق کی ہے کہ وہ پاکستان میں ہونے والے اہم سفارتی اجلاس میں شرکت کریں گے


ویب ڈیسک March 28, 2026

پاکستان میں ایک اہم سفارتی اجلاس کے سلسلے میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے تصدیق کی ہے کہ وہ ہفتے کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران وہ مصری، سعودی اور پاکستانی ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے۔

ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ اس اجلاس میں ایران اور امریکہ-اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اور جنگ کے معاملات پر بات چیت کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسلم ممالک کو طویل المدتی جنگ میں الجھانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس پس منظر میں خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔

ترک میڈیا کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جنگ کے حوالے سے ٹیلی فونک ڈپلومیسی جاری ہے اور ترکیہ ایران اور پڑوسی ممالک کے درمیان بڑھتی بداعتمادی کو روکنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں 30 مارچ کو اہم سفارتی اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے اور خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی حل نکالنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔