مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان سے فلائٹ آپریشن متاثر

مشرق وسطیٰ کے مختلف ایئرپورٹس کیلئے دو طرفہ 54 پروازیں منسوخ


ویب ڈیسک March 28, 2026

مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان سے فلائٹ آپریشن متاثر رہا اور آج ملک کے بین الاقوامی ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کے مختلف ایئرپورٹس کیلئے دو طرفہ 54 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

منسوخ پروازوں میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، عراقی، ایران ایئر، ایئر بلیو، ایر عربیہ، قطر ایئریز، ایئرویز، اور ایمیرٹس سمیت دیگر ایئرلائنز کی فلائٹس شامل ہیں۔

جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دوحہ، کویت، بحرین، ایران، عراق، دبئی اور ریاض کیلئے دو طرفہ 22 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی، دوحہ، بحرین، شارجہ اور کویت کی 10 پروازیں منسوخ رہیں۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشن میں بہتری آئی اور صرف دوحہ و دبئی کی 4 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دوحہ، شارجہ، دبئی اور ابوظہبی کی 10 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ملتان دبئی کی 2 پروازیں منسوخ رہیں جبکہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی، دوحہ اور ابوظہبی کی 6 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ 29 دن کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ کی مجموعی طور پر 2,354 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔