قومی ہاکی ٹیم کے 8 سینئر کھلاڑی جوا کھیلتے رنگے ہاتھوں گرفتار

خفیہ اطلاع پر مقامی ہوٹل میں چھاپہ مارا، ٹیم کا کپتان ودیگرسفارشی غالب مارکیٹ تھانے پہنچ گئے


Net News/Numainda Express August 18, 2014
پولیس نے دباؤ کے باوجود مقدمہ درج کرلیا ،14روز ہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجوا دیا گیا۔ فوٹو: فائل

غالب مارکیٹ پولیس نے مقامی ہوٹل میں چھاپہ مار کر قومی ہاکی ٹیم کے8 کھلاڑیوں کو جوا کھیلتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، ملزمان کے قبضے سے ہزاروں روپے، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ہاکی ٹیم کے کپتان ریحان بٹ، اختر رسول، شبہاز سینئر، خواجہ جنید اور ایس پی قاسم خان تھانے پہنچ گئے اور کھلاڑیوں کی سفارش کرتے رہے ، گزشتہ روز ایس ایچ او ناصر حمید کو خفیہ اطلاع ملی کہ مقامی ہوٹل میں چند افراد تاش جوا کھیل رہے ہیں جس پر پولیس کی بھاری نفری نے کارروائی کی ، گرفتار ہونے والے افرادمیں پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق اولمپینز اور سینئر کھلاڑی بتائے گئے ہیں ، جس میں دانش کلیم، انجم سعید، عرفان ضیا، سہیل اشرف، کامران اشرف، محمد عرفان، عمر ابراہیم، ظہیر احمد شامل ہیں۔

سفارشیوں کا کہنا تھا کہ کھلاڑی قومی اثاثہ ہیں اگر کھیل بھی رہے تھے تو پولیس کو چھوڑ دینا چاہیے تھا، تاہم غالب مارکیٹ پولیس نے تمام تر دبائو کے باوجودگیمبلنگ ایکٹ کے تحتمقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری ڈال دی ، ایس پی قاسم خان جوکہ سابقہ ہاکی ٹیم کا کھلاڑی بھی رہا ہے وہ بھی افسران کو ان کھلاڑیوں کی رہائی کے لیے سفارشیں کرتا رہا ۔ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف نے ایس ایچ او ناصر حمید اور دیگر اہلکاروں کو شاباش دی ہے ۔ ایس ایچ او ناصرحمید کے مطابق ان تمام افراد کو اتوار کے روز عدالت میں پیش کیاگیا تاہم ضمانت کی درخواست مسترد کیے جانے کے سبب انھیں14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں