عمران خان کے وکیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری، گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

پی ٹی آئی وکلا کے خلاف خاور مانیکا پر تشدد کے الزام میں مقدمہ درج ہے


ویب ڈیسک March 30, 2026
(فوٹو: فائل)

اسلام آباد:

عمران خان کے وکیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے عدالت نے ملزم کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی وکلا کے خلاف خاور مانیکا پر تشدد کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل فتح اللہ برکی کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، جس میں زاہد بشیر ڈار، انصر کیانی  اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے کومل جدون ایڈووکیٹ بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی وکلا کے خلاف مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ہے، جس میں خاور مانیکا پر تشدد کا الزام عائد کیا گیا ہے۔