ترکی کی معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر کبریٰ کارااصلان ایک افسوسناک واقعے میں انتقال کرگئیں، جب انہوں نے مبینہ طور پر ایک پل سے چھلانگ لگا دی۔
21 سالہ کبریٰ کارااصلان نے ترکی کے علاقے گیبزے میں واقع عثمان غازی پل سے چھلانگ لگادی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہیں دن دیہاڑے پل کی حفاظتی ریلنگ پر چڑھتے ہوئے دیکھا گیا، جس پر وہاں موجود افراد اور ڈرائیورز نے فوراً گاڑیاں روک کر انہیں بچانے کی کوشش کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بھی یہ منظر دیکھا جاسکتا ہے کہ کئی افراد انہیں اس قدم سے روکنے کی کوشش کرتے رہے اور انہیں مسلسل سمجھاتے رہے، تاہم وہ نہ مانی اور بالآخر پل سے نیچے پانی میں کود گئیں۔
ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچے اور انہیں پانی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں اور ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
کبریٰ کارااصلان سوشل میڈیا پر لائف اسٹائل کانٹینٹ کے حوالے سے خاصی مقبول تھیں اور ان کے ہزاروں فالوورز تھے۔ وہ ایک ترک فٹبال کلب کی بھی مداح تھیں اور اکثر اپنی پوسٹس میں ٹیم کی حمایت کرتی نظر آتی تھیں۔
ان کی اچانک موت کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین گہرے صدمے میں ہیں اور مداح اس افسوسناک واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور اداکاروں کی ذہنی صحت کے حوالے سے سوالات بھی سامنے آرہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین اس بات پر حیرت کا اظہار کررہے ہیں کہ مشہور شخصیات میں خودکشی کا رجحان کیوں بڑھتا جارہا ہے اور شہرت کی بلندیاں طے کرنے والے جوان انفلوئنسر اپنی جان کیوں لے رہے ہیں؟