افغانستان میں سیکیورٹی فرسز کا آپریشن کمانڈروں سمیت 18 جنگجو ہلاک 16 رضا کار اغوا

ہلمند میں طالبان نے 5 افراد کو جاسوسی کے الزام میں سرعام قتل کردیا، قندوز، فریاب، میدان وردک، پکتیکا میں آپریشن


News Agencies/AFP August 18, 2014
غزنی سے بارودی سرنگ ناکارہ بنانیوالے 11 اہلکار، ہرات میں ریڈ کراس کے 5 کارکن اغوا ہوئے، 45 فیصد ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوگئی، الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

KARACHI: افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران مقامی کمانڈروں سمیت 18 طالبان جنگجو ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے جبکہ طالبان عسکریت پسندوں نے غزنی سے بارودی سرنگیں ناکارہ بنانے والے 11 ملازمین کو اغوا کرلیا۔

اے ایف پی کے مطابق ہرات میں ریڈکراس کے 5 کارکنوں کو مسلح افراد نے اغوا کرلیا۔ ریڈکراس کے کارکن امدادی سامان کے ساتھ جمعرات کو بذریعہ سڑک سفر کررہے تھے، پولیس نے مغوی رضاکاروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا اور اس سلسلے میں قبائلی عمائدین بھی حکام سے تعاون کررہے ہیں، ابھی تک کسی بھی گروپ نے واردات کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

آئی این پی کے مطابق افغان وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے قندوز، فریاب، سرائے پل، میدان وردک، لوگر، پکتیکامیں آپریشن کیا جس میں 18 طالبان جنگجو مارے گئے جن میں مقامی کمانڈر بھی شامل ہیں، 20 جنگجو زخمی بھی ہوئے۔ آپریشن کے دوران افغان فورسز نے مختلف اقسام کے ہتھیاراور بارودی مواد بھی قبضے میں لے لیا۔ افغان پولیس نے ننگرہار اور قندھار میں آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم ڈیوائس کے 2 راؤنڈ بھی برآمد کرلیے۔

دوسری جانب صوبے غزنی میں طالبان نے بارودی سرنگیں صاف کرنے والے 11 افراد کو اغوا کرلیا۔صوبائی گورنر کے ترجمان شفیق ننگ ساپی کا کہنا ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں نے ان افراد کو ضلع قاراباغ سے اس وقت اغوا کیا جب وہ قندھار سے کابل جارہے تھے کہ ان کی بس کو مسلح افراد نے ہائی وے پر روک لیا۔تاحال یہ معلوم نہیں ہوا کہ یہ لوگ کس تنظیم کے لیے کام کررہے تھے۔

این این آئی کے مطابق افغان صوبے ہلمند کے ضلع سنگین میں طالبان نے 5 افراد کو جاسوسی کے الزام میں سرعام سزائے موت دے دی۔ آئی این پی کے مطابق افغان الیکشن کمیشن کے ترجمان نور محمد نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دوسرے مرحلے کے صدارتی انتخابات میں اب تک 10,231 بیلٹ بکسوں یعنی 45 فیصد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ووٹوں کا آڈٹ اور دوبارہ گنتی کا عمل جلد مکمل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔