ہنگاموں اور بڑے اجتماعات سے نمٹنے کیلئے سندھ پولیس میں کراؤڈ مینجمنٹ یونٹ قائم

کراؤڈ مینجمنٹ یونٹ ہنگاموں، بڑے اجتماعات اور امن و امان کی صورتحال میں مفید ثابت ہوگا


اسٹاف رپورٹر March 31, 2026

ہنگاموں اور بڑے اجتماعات سے نمٹنے کیلئے سندھ پولیس نے کراؤڈ مینجمنٹ یونٹ قائم کردیا۔

عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یونٹ کا قیام آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی ہدایت پر عمل میں لایا گیا۔ یونٹ ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد کی سربراہی میں کام کرے گا۔

شہری علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے خصوصی یونٹ تشکیل دیا گیا ہے جو 700 تربیت یافتہ اہلکاروں پر مشتمل ہے۔ اس یونٹ میں ایس ایس یو، سیکیورٹی-I، سیکیورٹی-II، کورٹ پولیس، مددگار 15 اور فارنرز سیکیورٹی سیل کے اہلکار شامل ہیں۔

مختلف یونٹس کے انضمام سے مربوط اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ یہ یونٹ ہنگاموں، بڑے اجتماعات اور امن و امان کی صورتحال میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے یونٹ کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے نظم و ضبط اور فوری ردعمل کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اینٹی رائٹ فورس کا قیام سیکیورٹی ڈویژن کے پیشگی اقدامات اور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

یونٹ کو جدید تربیت اور سازوسامان سے لیس کیا گیا ہے جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ سرکاری و نجی املاک کے تحفظ کے لیے مؤثر حکمت عملی بھی اپنائی جائے گی۔