ایران نے جنگ بندی کیلئے درخواست کے ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کردیا

مسلط کی گئی جنگ کے خاتمے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی پوزیشن کسی صورت تبدیل نہیں ہوئی ہے، ایران عہدیدار


ویب ڈیسک March 31, 2026
فوٹو: پریس ٹی وی

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے صدر نے امریکا کو جنگ بندی کی درخواست کی ہے۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست کا ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ جھوٹ اور بے بنیاد ہے۔

ایرانی صدر کے دفتر کے کمیونیکیشنز اور انفارمیشن کے نائب سربراہ سید مہدی طباطبائی نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے حوالے سے ایران کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن فورسز کے خلاف ملک کی سلامتی کے دفاع اور مسلط کی گئی جنگ کے خاتمے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی پوزیشن کسی صورت تبدیل نہیں ہوئی ہے اور اس حوالے سے مبہم اور مجرمان کے جھوٹ پر توجہ نہیں دی جائے۔

سید مہدی طباطبائی نے کہا کہ ایرانی قوم اپنی مادر وطن کی حفاظت کے لیے پرعزم، ثابت قدم اور متحد ہے۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل میں بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی نئی حکومت کے صدر نے امریکا کو جنگ بندی کی درخواست کی ہے لیکن ہم اس وقت تک کارروائیاں جاری رکھیں گے جب تک آبنائے ہرمز مکمل طور پر محفوظ طریقے سے بحال نہیں کی جاتی۔