امریکی و اسرائیلی حملوں سے صرف تہران میں 33 ہزار گھروں کو نقصان پہنچنے کا انکشاف

حملوں کے باعث 1,869 خاندان بے گھر ہو کر رہائشی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں


ویب ڈیسک April 02, 2026

تہران میں جاری امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر رہائشی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ شہری حکام کے مطابق اب تک شہر میں تقریباً 33 ہزار گھروں کو نقصان پہنچ چکا ہے۔

تہران کے میئر کے ترجمان محمد خانی نے بتایا کہ متاثرہ گھروں میں نقصان کی نوعیت مختلف ہے۔ کچھ گھروں میں شیشے، دروازے اور کھڑکیاں ٹوٹنے جیسے معمولی نقصانات ہوئے ہیں، جبکہ کئی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور انہیں مکمل تعمیر نو یا بڑے پیمانے پر مرمت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان حملوں کے باعث 1,869 خاندان بے گھر ہو کر رہائشی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان میں سے تقریباً 1,245 خاندانوں کو شہر کے مختلف 23 رہائشی کمپلیکس میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے اور اب تک 4 ہزار سے زائد گھروں کی مرمت کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔ یہ کام بلدیاتی اداروں کی جانب سے یا تو براہ راست کیا جا رہا ہے یا مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں کو پہنچنے والا یہ نقصان نہ صرف انسانی بحران کو بڑھا رہا ہے بلکہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔