قتل کی دھمکیوں کے دوران سلمان خان ہجوم میں پھنس گئے، سیکیورٹی پر خدشات

ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں تو مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی


ویب ڈیسک April 02, 2026
فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان ایک تقریب کے دوران ہجوم میں پھنس گئے جس کے بعد ان کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھنے لگے۔ 

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کو ایک عوامی تقریب کے دوران غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ان کی سیکیورٹی کے انتظامات پر سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

یہ واقعہ ممبئی کے قریب تھانے کے ایک اسٹیڈیم میں پیش آیا جہاں اداکار مداحوں سے ملنے پہنچے تھے۔

تقریب کے دوران جیسے ہی سلمان خان اسٹیج کے قریب آئے، مداحوں کی بڑی تعداد بے قابو ہو کر ان تک پہنچنے کی کوشش کرنے لگی۔

دیکھتے ہی دیکھتے ہجوم اس قدر بڑھ گیا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے حالات سنبھالنا مشکل ہوگیا اور کچھ دیر کے لیے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی ٹیم ہجوم کو قابو میں رکھنے میں ناکام رہی، جس کے بعد پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے سلمان خان کو اپنے حصار میں لے کر محفوظ مقام تک منتقل کیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں اداکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں تو مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، خاص طور پر حالیہ قتل کی دھمکیوں کے پس منظر میں ان کی سیکیورٹی پر مزید سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ایسی صورتحال اسٹار کی بے پناہ مقبولیت کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت کو بھی ظاہر کرتی ہے۔

دوسری جانب سلمان خان کے فلمی منصوبے بھی جاری ہیں۔ ان کی آئندہ فلم ’’ماتر بھومی‘‘ اگست 2026 میں ریلیز متوقع ہے، جبکہ ایک اور بڑے پروجیکٹ میں وہ جنوبی بھارت کی معروف اداکارہ نینتھارا کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔