پی ایس ایل 11: کراچی کنگز نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے سکست دے دی

یہ کراچی کنگز کی ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی ہے


ویب ڈیسک April 02, 2026

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے دسویں میچ میں کراچی کنگز نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ کراچی کنگز کی ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں راولپنڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائےاور کراچی کنگز کو198 رنز کا ہدف دیا۔

ڈیرل مچل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 65 رنز اسکور کیے جبکہ سیم بلنگز نے 58 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

کپتان محمد رضوان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کامران غلام 10 اور یاسر خان 8 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ خوشدل شاہ نے 2 اور میر حمزہ نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 کراچی کنگز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 198 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کراچی کنگز کے اعظم خان 74 جبکہ ڈیوڈ وارنر 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

راولپنڈیز کی جانب سے ڈیرل مچل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نسیم شاہ اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر محمد رضوان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی کنگز ایونٹ میں اپنے ابتدائی دونوں میچز جیت چکی ہے جبکہ راولپنڈیز کو پہلے میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔