کراچی:
گلستان جوہر کے علاقے بلاک 7 جوہر کمپلکس میں کرنٹ لگنے سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
جاں بحق ہونے والے اہلکار کی لاش موقع پر موجود شہری صفورہ چورنگی کے قریب واقع نجی اسپتال لے گئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر متوفی کے رشتے دار بھی اسپتال پہنچ گئے جہاں سے موت کی تصدیق کے بعد لاش پولیس کارروائی کرائے بغیر لے گئے۔
متوفی کی لاش ایدھی سردخانہ سہراب گوٹھ منتقل کی گئی، متوفی کے سسر عبدالجبار نے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 33 سالہ وسیع اللہ ولد عبدالوہاب کے نام سے کی، متوفی سندھ پولیس کا ملازم اور آر آر ایف قیوم آباد ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق اندرون سندھ روہڑی سے تھا ، متوفی کی سال 2024 میں شادی ہوئی تھی ایک 14 ماہ کا بیٹا ہے۔
عبدالجبار جو متوفی کے چچا اور سسر بھی ہیں نے بتایا کہ واقع کے وقت وسیع اللہ اپنے سسرال آیا تھا اور کسی بات پر غصہ ہو کر واپس جا رہا تھا کہ جوہر کمپلیکس میں بارش کا پانی جمع تھا جہاں وہ گرگیا، علاقہ مکینوں نے انہیں بتایا کہ پانی میں کرنٹ تھا اور وہ اسی پانی سے گزر کر جا رہا تھا کہ اچانک کرنٹ لگنے سے نیچے گر گیا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، متوفی کی لاش روہڑی روانہ کردی گئی۔