کراچی:
شہر قائد میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 4 زخمیوں سمیت 7 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق پاک کالونی پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب جہان آباد میوہ شاہ قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 زخمی سمیت 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور منشیات برآمد کی گئی۔
زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکی شناخت 28 سالہ محمد فرید ولد محمد شعیب اور 18 سالہ محمد عقیل ولد عید محمد کے ناموں سے کی گئی جبکہ دیگر 2 گرفتار ملزمان نے اپنے نام عبدالواحد اور پیر محمد عرف ماموں بتائے۔ گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے بلال پپو گروپ سے ہے، گرفتار ملزمان کے 3 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب رحمانیہ موڑ سیکٹر 12/D سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، زخمی ڈاکو کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت 25 سالہ واصف حسین ولد اقبال حسین کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام رحمت اللہ ولد محمد شریف بتایا، گرفتار ملزمان سے دو پستولیں بمع گولیاں، موبائل فونز، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
اورنگی ٹاؤن پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سیکٹر 12 ارکان گراؤنڈ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جس کی شناخت 25 سالہ سعید جیری حیدر ولد سید نجم حیدر کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزم سے ایک پستول بمع گولیاں، دو موبائل فونز، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔