رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے بھارتی فلم ’دھرندھر‘ میں جمیل جمالی کا کردار ادا کرنے والے راکیش بیدی کو فلم کی کامیابی کے بعد اہم پیغام پہنچایا ہے۔
بھارت کی پروپیگنڈا فلم ’دھرندھر‘ کی کامیابی کے بعد رکن قومی اسمبلی نبیل گبول کے بھارت میں بہت چرچے ہورہے ہیں کیوں کہ فلم میں رحمان بلوچ، چوہدری اسلم کے علاوہ ان کا کردار ’جمیل جمالی‘ کو بھی بہت شہرت ملی ہے۔
بھارتی کانٹینٹ کریئیٹر ناوین گری کو انٹریو دیتے ہوئے نبیل گبول کا کہنا تھا کہ لیاری کو منی پاکستان کہا جاتا ہے، جہاں ہندوں اور کرسچن سمیت ہر مذہب اور فرقے سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں لیکن زیادہ آبادی بلوچ اور کچھی قوم کی ہے۔
بھارتی فلمیں سب دیکھتے ہیں، 1974 میں وی سی آر کراچی میں سب سے پہلے ہمارے گھر آیا تھا جو میرے والد لائے تھے اور لوگ بھارتی فلمیں دیکھنے کے لیے ہمارے گھر آتے تھے، شعلے فلم ہمارے گھر ایک ماہ تک چلی تھی۔
میزبان کی جانب سے ’امن کی آشا‘ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، پچھلے سال جو بھی ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن کشمیر میں کچھ ہوتا ہے تو براہ راست پاکستان پر الزام لگایا جاتا ہے، اس سے پہلے بھی جتنی بھی دہشت گردی کے واقعات ہوئے، بھارتی حکومت سوچے سمجھے بغیر پاکستان پر الزام لگادیتی ہے، جب کہ پاکستان کبھی بھی جنگ نہیں چاہتا لیکن ہم پر جنگ مسلط کی جائے گی تو ہم بھی ایک ایٹمی طاقت ہیں۔
فلم دھرندھر‘ میں اپنے کردار سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے پہلے بھی لوگ جانتے تھے لیکن آپ کی بات کی تائید کروں گا کہ اب زیادہ جاننے لگ گئے ہیں، وہ کہتے ہیں نہ کہ بدنام ہوں گے تو کیا نام نہیں ہوگا، میرا کردار بہت منفی دکھایا گیا۔
نبیل گبول نے راکیش بیدی کے لیے احترام ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمر میں مجھ سے بڑے ہیں، لیکن وہ کہتے ہیں کہ میں نہیں جانتا کہ نبیل گبول کون ہیں؟ میں نے پاکستان کے سب سیاسی کیریکٹرز کو اپنے ذہن میں رکھا اور پھر ان کی ایکٹنگ کی۔
نبیل گبول کا کہنا تھا کہ میرا سوال یہ ہے کہ فلم میں دکھایا گیا کہ ’جمیل جمالی‘ 2007 میں لیاری کے ایم این اے تھا، تو مجھے بتائیں اس وقت تو میں ہی رکن قومی اسمبلی تھا اور 2002 سے لیاری کا ایم این اے رہا ہوں، لہذا ایک کردار ادا کرنے کے بعد آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ میں نبیل گبول کو نہیں جانتا۔
انہوں نے کہا کہ میرا پیغام راکیش بیدی تک پہنچائیں کہ میں انہیں بطور سینئر اداکار بہت عزت دیتا ہوں اور میں ان سے محبت کرتا ہوں، تاہم حقیقت یہ ہے کہ نبیل گبول چاپلوس نہیں ہے، بلکہ وہ ایک دبنگ انسان ہے، اس لیے آپ دبنگ رول ادا کرتے تو اچھا لگتا۔
واضح رہے کہ فلم’دھرندھر 2‘ نے باکس آفس پر تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک ہزار کروڑ سے زائد کی کمائی کرلی ہے۔