امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کی گئی تو دھرنوں اور پہیہ جام ہڑتال کی کال دیں گے۔ کارکنوں کو چاروں صوبوں میں وزیر اعلیٰ ہاوسز کے گھیراؤ کی تیاری کی بھی ہدایت کردی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف منصورہ ملتان روڈ پر عظیم الشان احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت حالات سے فائدہ اٹھا کر اپنی نااہلی پر پردہ ڈال رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول اور عوام پر ظلم کی انتہا ہے، غریب اور مڈل کلاس کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے مگر حکمران اپنی عیاشیاں کم کرنے کو تیار نہیں، مہنگے جہاز اور مہنگی گاڑیاں عوام پر بوجھ ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافے سے براہ راست بائیکرز، ڈیلیوری ورکرز، طلبہ و مزدور سمیت سب متاثر ہوں گے۔ صرف پیٹرول نہیں، ٹیکسز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، لیوی ختم ہونی چاہیے تھی، آئی ایم ایف کے سامنے جھکنے کے بجائے عوام کو ریلیف دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کو اربوں کی ادائیگیاں جاری ہیں لیکن عوام کیلئے کوئی ریلیف نہیں، کیپیسٹی پیمنٹس کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے، آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کریں گے۔ نوجوان باہر نکلیں، حالات بدلنے کے لیے جدوجہد کریں، حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے ظالمانہ و وحشیانہ طریقہ سے پیٹرولیم مصنوعات میں جو اضافہ کیا اسے کسی قیمت قبول نہیں کریں گے، جب فی بیرل پیٹرول کم ہوا تو کتنا عوام کو ریلیف دیا، چار سو اٹھاون فی لیٹر پر حکومت نے پیٹرول بڑھا دیا مطالبہ ہے پیٹرول پر تمام ٹیکس ختم کرکے قیمت آدھی کی جائے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ایف بی آر میں 1300 ارب روپے کرپشن ہوتی ہے، حکومت پیٹرول بجلی کے بلوں پر ٹیکس لگاتی ہیں آپ آٹے دال صابن موبائل پر ٹیکس لگاتے ہیں، ایف بی آر کی کرپشن ختم کریں پیٹرول کا مسئلہ خود بخود ختم ہوجائے گا۔