اسلام کوٹ سے حیدرآباد آنے والی ایک مسافر کوچ میں مسلح افراد نے دورانِ سفر لوٹ مار کی، جس کے دوران تین مسافر زخمی بھی ہو گئے۔ واردات کا واقعہ حیدرآباد-میرپورخاص روڈ پر پیش آیا۔
پولیس کے مطابق سات ملزمان میرپورخاص سے مسافروں کے بھیس میں کوچ میں سوار ہوئے اور جیسے ہی کوچ ٹنڈوالہیار کے علاقے کیہری شاخ کے قریب پہنچی تو انہوں نے اسلحہ نکال کر مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔ ملزمان نے کوچ میں موجود مسافروں سے کئی لاکھ روپے نقدی اور مختلف اقسام کے موبائل فون لوٹ لیے۔
پولیس کے مطابق لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان نے مسافروں کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں ملزمان ٹنڈوجام کے قریب باغ بی بی فاطمہ کے مقام پر کوچ رکوا کر فرار ہو گئے۔
واقعے کے بعد متاثرہ مسافر جب تھانہ راہوکی کی حدود میں پہنچے تو انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ ایس ایچ او تھانہ راہوکی سب انسپیکٹر نورشہباز رند کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی حیدرآباد سے ابتدائی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے۔
آئی جی سندھ نے ملزمان کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے، پٹرولنگ اور سرچ آپریشن تیز کرنے کے ساتھ ساتھ داخلی و خارجی راستوں پر پولیس پکٹنگ اور چیکنگ مزید مؤثر بنانے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔