پرتگالی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنے سعودی کلب النصر کو النجمہ کے خلاف 2-5 سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس میچ میں رونالڈو نے دو گول اسکور کیے اور اپنی ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم کیا۔
تاہم، اس میچ میں رونالڈو کی کارکردگی سے زیادہ ایک خاص لمحہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا، جب انہوں نے پینلٹی پر گول کرنے سے پہلے ’بسم اللہ‘ کہا۔
انہوں نے 56ویں منٹ میں پینلٹی کے ذریعے گول کر کے اسکور 2-3 کردیا، بعد ازاں 73ویں منٹ میں ایک اور گول کر کے ٹیم کی برتری 2-4 کردی۔
اس شاندار کارکردگی کے بعد رونالڈو کے کیریئر گولز کی تعداد 967 تک پہنچ گئی ہے اور وہ اب تیزی سے 1000 گولز کے تاریخی سنگ میل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب رونالڈو نے مسلمانوں کی زندگی کے لازمی جز سمجھے جانے والے کسی مخصوص اسلامی لفظ کا استعمال کیا ہو۔
دسمبر 2025 میں مسلسل تیسری مرتبہ مشرقِ وسطیٰ کے بہترین فٹبالر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد اپنی تقریر کے دوران انہوں نے ایک ہزار گول مکمل کرنے کے لیے ’انشاءاللہ‘ کا لفظ استعمال کیا تھا۔
سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ رونالڈو مزید کچھ عرصہ سعودی عرب میں رہے تو اسلام قبول کرسکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے خود رونالڈو یا ان کے قریبی ذرائع سے ایسی کسی بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔