کراچی: گزشتہ روز بارش کے دوران سمندر کے اوپر ٹورناڈک واٹر اسپاوٹ کا دلکش مگر خطرناک مظاہرہ

ٹورناڈک واٹر اسپاوٹ دراصل سمندر یا پانی کی سطح پر بننے والا گردابی طوفان ہوتا ہے


ویب ڈیسک April 04, 2026

شہر قائد کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے دوران سمندر کے اوپر ٹورناڈک واٹر اسپاوٹ کا دلکش مگر خطرناک مظاہرہ دیکھا گیا۔

ٹورناڈک واٹر اسپاوٹ دراصل سمندر یا پانی کی سطح پر بننے والا گردابی طوفان ہوتا ہے جو عام واٹر اسپاوٹ کے مقابلے میں زیادہ طاقتور اور نقصان دہ سمجھا جاتا ہے۔

یہ ایک گھومتی ہوئی ہوا کا ستون ہوتا ہے جو بادلوں سے نکل کر پانی کی سطح تک پہنچتا ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے جیسے آسمان سے سمندر تک ایک گردشی ستون قائم ہو گیا ہو۔ ٹورناڈک واٹر اسپاوٹ عموماً انہی موسمی حالات میں بنتا ہے جن میں ٹورنیڈو تشکیل پاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق سمندر میں اس قسم کی قدرتی سرگرمی ماہی گیر لانچوں اور کشتیوں کے لیے خطرے کی علامت ہوتی ہے، کیونکہ تیز گردابی ہوائیں پانی کی سطح پر شدید بے چینی پیدا کر سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ 28 فروری 2016 کو بلوچستان کے قریب سمندر میں بھی واٹر اسپاوٹ دیکھا گیا تھا، جبکہ جنوری 2019 میں ماہی گیروں نے سندھ کے ساحلی علاقے ٹھٹھہ گھوڑا باری سے دور سمندر میں ایک واضح واٹر اسپاوٹ کا مشاہدہ کیا تھا۔