پاکستان سپر لیگ 11 کے بارہویں میچ میں راولپنڈیز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 157 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، تاہم موسم بہتر ہوتے ہی میچ کا آغاز ہوگیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور خود بولنگ کا فیصلہ کیا۔
راولپنڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بناتے ہوئے اسلام آباد یونئیٹڈ کو 157 رنز کا ہدف دے دیا۔
ڈیان فوریسٹر نے 19گیندوں پر44 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، کامران غلام نے 39 گیندوں پر 50 رنز اسکور کیے، عبداللہ فضل 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان محمد رضوان 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رچرڈ گلیسن اور سلمان ارشاد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔