پاکستان کے کہنے پر سعودی عرب نے ایران کو کوئی جواب نہیں دیا، طاہر اشرفی

عاصم منیر اور شہباز شریف نے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر کوشش کی کہ جنگ نہ ہو، چیئرمین پاکستان علم کونسل


اسٹاف رپورٹر April 05, 2026
توہین مذہب کے نام پر قتل کے واقعات اسلام اور پاکستان کے نام پر دھبہ ہیں، چیرمین پاکستان علماء کونسل

اسلام آباد:

پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کوئی پاکستانی نہیں چاہتا کہ پاکستان کے افغانستان کے ساتھ تعلقات خراب ہوں۔

جامعہ منظور اسلامیہ لاہور کینٹ میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کوئی پاکستانی نہیں چاہتا کہ پاکستان کے افغانستان کے ساتھ تعلقات خراب ہوں اور پاکستانی یہ بھی نہیں چاہتے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو، دعا ہے کہ افغان عبوری حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوں، افغان عبوری حکومت اورعلما سے کہتے ہیں کہ بے گناہ بچوں اورخواتین کو شہید کرنا جہاد نہیں بلکہ گناہ اورجرم عظیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ 36 روز گزر گئے مسجد الاقصی میں نماز نہیں ہو رہی، ایران حملے کے بعد اسرائیل کو موقع ملا اور اس نے نماز عید نہیں ہونے دی، 1967ء کے بعد اب مسجد الاقصی میں نماز عید نہیں ہوئی، ایران و اسلامی عالم میں تصادم نہیں ہونا چاہیے، عاصم منیر اور شہبازشریف نے برادر اسلامی ممالک سے مل کر کوشش کی کہ جنگ نہ ہو، آج کے دور میں افواہ سازی بے بنیاد پروپیگنڈا جس انداز سے پھیلایا جاتا ہے بھگوڑے یوٹیوبر ملکی وقار کو مجروع کررہے ہیں۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ایران کے صدر نے ٹویٹ میں پاکستان زندہ باد لکھا، سعودی عرب کے وزیر خارجہ پاکستان آئے جس پر پروپیگنڈا کیا کہ وہ نہیں آ رہے، پاکستان کے کہنے پر سعودی عرب نے ایران کو کوئی جواب نہیں دیا، متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہمارے بھائیوں جیسے تعلقات ہیں، اگر کوئی ملک پاکستان سے مالی تعاون کرتا ہے اس کے معاہدات طے ہوتے ہیں اس پر منفی پروپیگنڈا کیا گیا کہ تعلقات خراب ہوجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے باہمی اتحاد سے قومی امن کمیٹی کے ضابطہ اخلاق کے تحت پاک یو اے ای کے درمیان غلط فہمیوں کا مقابلہ کرکے قوم کو آگاہی دی، ایرانی حملے سے پہلے افغانستان سے پاکستان پر حملہ کروایا جس کے پیچھے اسرائیل و بھارت تھا تاکہ پاکستان سفارت کاری نہ کر سکے، اس وقت ایران بھی پاکستان زندہ باد کہہ رہا ہے اور سعودی عرب بھی پاکستان کی تعریف کررہا ہے، افواہ ساز کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، دو ارب مسلمان حرمین کے تحفظ کے لیے متحد ہیں، بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ ہم جنگ مانگتے نہیں ہیں لیکن اگرکوئی جارحیت کی تو پہلے سے سخت جواب ملے گا۔

طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ پاکستان کا کام امن کے قیام کے لیے کوششیں کرنا ہے، پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے، آگ پر پانی ڈالتے رہیں گے، جب ملک میں امن ہوگا، معیشت بہتر ہوگی تو مہنگائی کم ہوگی۔