باجوڑ:
وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر پیشہ ورانہ فرائض انجام دیں تو کوئی مسئلہ نہ رہے، خطے میں امن کے لیے قبائلی مشران کی جدوجہد قابل تحسین ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ضلع باجوڑ میں قومی امن جرگہ قائدین سے ملاقات کی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے قبائلی مشران کی جدوجہد قابل تحسین ہے، آپ نے جس دانش مندی سے حالات کو سنبھالا وہ قابلِ قدر ہے، امن سب سے پہلے اور انتہائی ضروری ہے، اس کے بغیر ترقی و خوشحالی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت دیرپا امن کا قیام یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے، صوبائی اسمبلی کے فلور پر تمام سیاسی جماعتوں اور مکاتب فکر کے رہنماؤں نے متفقہ اعلامیہ پیش کیا، سب اس بات پر متفق ہیں کہ آپریشن مسئلے کا حل نہیں، جنگ نے ہمارے انفراسٹرکچر، اداروں اور نوجوانوں کو نقصان پہنچایا، ہم ایسی مزید کسی صورتحال کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ امن اور خوشحالی کے لیے ہم سب ایک پیج پر ہیں، جدوجہد جاری رکھیں گے، بدامنی کے جن حالات سے ہم گزرے ہیں، کوشش ہے دوبارہ ان سے نہ گزرنا پڑے، تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر پیشہ ورانہ فرائض انجام دیں تو کوئی مسئلہ نہ رہے، امن بھی قائم ہو جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضم اضلاع کے لیے ایک ہزار ارب روپے کا قبائل پیکیج لا رہے ہیں، صحت و تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔