پی ایس ایل 11: کراچی میں دوسرے مرحلے کے میچز کا آغاز بدھ سے ہوگا

اسلام آباد یونائٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں پیر جبکہ راولپنڈیز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں منگل کو کراچی آئیں گی


ویب ڈیسک April 05, 2026

کراچی میں پی ایس ایل 11 کے دوسرے مرحلے کے  میچز کا آغاز بدھ سے ہو رہا ہےجس کے لیے اسلام آباد یونائٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں پیر کو کراچی پہنچ رہی ہیں جبکہ راولپنڈیز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں منگل  کو کراچی آئیں گی۔

پہلا مقابلہ حیدرآباد کنگز مین اور پشاور زلمی کے درمیان ہوگا، 9 اپریل کو ڈبل ہیڈر طے ہے، پہلا میچ دوپہر ڈھائی بجے دفاعی چیمپین لاہور قلندرز اور اسلام آباد کے درمیان ہوگا،کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان دوسرا میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

دوسری جانب پی  ایس ایل 11کے دوسرے مرحلہ کے لیے مشقوں کا سلسلہ جاری ہے، تیسرے دن اتوار کو چار ٹیموں نے پریکٹس سیشن میں شرکت کی، صبح نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے حنیف محمد ریجنل  ہائی پرفارمنس سینٹر پر  پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کی ٹیمیں دوسری مرتبہ ٹریننگ کے لیے میدان میں اتریں۔

 کھلاڑیوں نے نیٹ سیشن میں بولنگ ،بیٹنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور ٹریننگ کی، دوپہر کو کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں نے  تربیتی مشقیں کیں،لاہور قلندرز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی تقلید کرتے ہوئےتربیت سے قبل قومی پرچم لہرایا۔