جیجی حدید کا ایپسٹین فائلز میں نام آنے کے بعد ردعمل سامنے آگیا

جیفری ایپسٹین اور نامعلوم شخص کے درمیان گفتگو کے دوران جیجی حدید اور ان کی بہن بیلا حدید کا ذکر سامنے آیا تھا


ویب ڈیسک April 06, 2026

امریکی سپر ماڈل جیجی حدید نے جیفری ایپسٹین سے متعلق منظرعام پر آنے والی دستاویزات میں اپنا نام آنے پر ردعمل دے دیا ہے۔

جیجی حدید نے ان الزامات کو افسوسناک قرار دیا ہے اور وضاحت کی ہے کہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف کی ایک ای میل، جو 2015ء کی ہے، میں جیفری ایپسٹین اور ایک نامعلوم شخص کے درمیان گفتگو کے دوران جیجی حدید اور ان کی بہن بیلا حدید کا ذکر سامنے آیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔

اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے جیجی حدید نے ایک صارف کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے ایپسٹین کو نہایت گھٹیا انسان قرار دیا اور کہا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ کوئی ایسا شخص، جس سے ان کی کبھی ملاقات بھی نہیں ہوئی، اس طرح ان کا نام استعمال کرے۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ جب یہ ای میل لکھی گئی، اس وقت ان کی عمر تقریباً 20 سے 21 سال کے درمیان تھی اور ان کا ایپسٹین کے ساتھ کسی بھی نوعیت کا کوئی تعلق نہیں تھا۔

جیجی حدید کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں اصل متاثرین کی کہانیوں سے توجہ ہٹانا نہیں چاہتیں، تاہم اپنے بارے میں پھیلنے والی غلط فہمی کو دور کرنا بھی ضروری سمجھتی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق مذکورہ ای میل میں ایک شخص نے حدید بہنوں کی کامیابی پر سوال اٹھایا تھا، جس پر ایپسٹین نے مبہم انداز میں جواب دیا تھا، جس نے بعد ازاں بحث کو جنم دیا۔

یاد رہے کہ جیفری ایپسٹین کو 2019 میں جنسی اسمگلنگ کے سنگین الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا اور بعد میں وہ جیل میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، جس کے بعد سے یہ معاملہ عالمی سطح پر مسلسل توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔