حکومت سندھ کی جانب سے کرایوں میں استحکام کےلیے ٹارگٹڈ پبلک ٹرانسپورٹ سبسڈی پروگرام کا اعلان

صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن کے مطابق پروگرام کا مقصد عوام کو ریلیف دینا، پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو مستحکم رکھنا ہے


ویب ڈیسک April 06, 2026

حکومت سندھ نے کرایوں میں استحکام کے لیے ٹارگٹڈ پبلک ٹرانسپورٹ سبسڈی پروگرام کو حتمی شکل دے دی۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے مطابق پروگرام کا مقصد عوام کو ریلیف دینا اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو مستحکم رکھنا ہے۔

ان کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ سیکٹر دباؤ کا شکار تھا، اسی لیے “ٹارگٹڈ فیول ڈیفرینشل سبسڈی” متعارف کرائی گئی تاکہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔

اسکیم کے تحت ٹرانسپورٹرز کو ماہانہ مالی معاونت دی جائے گی، تاہم انہیں کرایوں میں اضافہ نہ کرنے اور حکومتی قواعد کی پابندی کرنا ہوگی۔

انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ کے لیے بسوں، منی بسوں اور کوچز کو ماہانہ 2 لاکھ 40 ہزار روپے تک، ویگنز کو 2 لاکھ 30 ہزار روپے جبکہ سوزوکی پک اپ کو 60 ہزار روپے تک سبسڈی دی جائے گی۔

انٹر سٹی ٹرانسپورٹ میں بسوں کو روٹ کے حساب سے ماہانہ 12 لاکھ روپے تک جبکہ ویگنز کو فاصلے کے مطابق 1 لاکھ 80 ہزار سے 7 لاکھ 50 ہزار روپے تک سبسڈی ملے گی۔

پروگرام 9 ہزار سے زائد انٹرا سٹی اور 1100 انٹر سٹی گاڑیوں پر لاگو ہوگا، جس سے ماہانہ تقریباً 5 کروڑ 70 لاکھ مسافروں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس مد میں تقریباً 2.2 ارب روپے ماہانہ خرچ ہوں گے اور فی مسافر اوسطاً 38 روپے کا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

شفافیت کے لیے مکمل ڈیجیٹل اور ایپ بیسڈ نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے رجسٹریشن، تصدیق اور ادائیگیاں براہ راست سندھ بینک کے ذریعے ہوں گی۔ نظام کو ایکسائز، آر ٹی اے اور پی ٹی اے کے ڈیٹا سے منسلک کیا جائے گا جبکہ انسپیکشن اور مسافروں کی فیڈبیک بھی شامل کی جائے گی۔

وزیر اطلاعات کے مطابق رجسٹریشن بڑھانے کے لیے دفاتر کے اوقات کار میں 15 اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے، جبکہ ایکسائز میں رجسٹرڈ ہر موٹر سائیکل مالک کو 2 ہزار روپے فیول سبسڈی بھی فراہم کی جائے گی۔