مراد سعید کی سینیٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کا امیدوار کون ہوگا؟ نام سامنے آگیا

کے پی سے 23 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے، پارٹی نے سب کو کاغذات  نامزدگی جمع کرانے سے روک دیا


اسٹاف رپورٹر April 06, 2026
فوٹو: فائل

پشاور:

خیبرپختونخوا سے مراد سعید کی سینیٹ کی خالی نشست پر عرفان سلیم کا نام فائنل کرلیا گیا، کے پی سے 65 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے، پارٹی نے سب کو کاغذات  نامزدگی جمع کرانے سے روک دیا، شوکت یوسف زئی دست بردار ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مراد سعید کی سینیٹ کی خالی نشست پر امیدوار نامزد کرنے کے لیے گزشتہ شب پارلیمانی بورڈ کا خیبرپختونخوا ہاؤس میں اجلاس وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کی صدارت میں ہوا جس میں ناموں پر مشاورت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے اخونزادہ حسین یوسف زئی کا نام سینیٹ امیدوار کے لیے بھجوادیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی مرکزی قیادت نے سینیٹ کے لیے دو مزید ناموں پر بھی مشاورت کی ان میں عرفان سلیم اور فیض الرحمان کا نام سینیٹ امیدوار کے لیے زیر بحث آیا، پارلیمانی بورڈ نے تمام امیدوار کے متحرک سیاسی کردار پر بحث کی۔

پارلیمانی بورڈ کو رائے دی گئی کہ عرفان سلیم کا نام 9 مئی میں شامل ہے، بتایا گیا کہ فیض الرحمان نے بانی کے کیسز میں قانونی ٹیم کی معاونت کا وعدہ کیا ہے، اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا نام محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھجوایا۔

اپوزیشن نے موقف اپنایا کہ ایسا شخص سینیٹ میں ہونا چاہیے جو ہاؤس میں فعال کردار ادا کرے۔ پی ٹی آئی قیادت نے پارلیمانی بورڈ کے سامنے موقف رکھا کہ خرم ذیشان سینیٹر منتخب ہونے کے بعد سے کردار نہ ادا کرسکے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے بورڈ کو پیغام پہنچایا کہ ایسا امیدوار چاہیے جو سینیٹ میں دستیاب اور فعال پارلیمانی کردار ادا کرے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانی کی بہنوں نے بھی اخوانزادہ حسین یوسف زئی کے نام کی حمایت کی تاہم ان کا نام فائنل نہ ہوا۔

عرفان سلیم کا نام فائنل

 

تحریک انصاف نے مشاورت کے بعد عرفان سلیم کا نام فائنل کر لیا اور پارلیمانی بورڈ نے عرفان سلیم کے نام پر اتفاق رائے کیا اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے پی کے علی اصغر خان کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق عرفان سلیم کی پارٹی کے لیے بہت قربانیاں ہیں،  عرفان سلیم کو سینیٹ الیکشن کے لیے امیدوار فائنل کرتے ہیں، سجاد مہمند، غلام بادشاہ، سردار خان بطور کورنگ امیدوار موجود رہیں گے۔

65 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے، کل تک جمع ہونگے

دریں اثنا خیبرپختونخوا سے خالی ہوئی مراد سعید کی سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا سے 65 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں ان میں سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی، پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما ڈاکٹر نواز خان، ندیم عالم، وقاص اوکزئی بھی شامل ہیں۔

یہ کاغذات نامزدگی کل تک جمع کروائے جاسکتے ہیں، امیدواروں کی ابتدائی فہرست 8 اپریل کو جاری کی جائے گی جب کہ خیبر پختونخوا سینیٹ کی خالی نشست کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ 10اپریل تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی اور 16 اپریل کو کاغذات نامزدگی واپس لیے جاسکیں گے، سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ 23 اپریل کو خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہوگی۔

دیگر امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روک دیا گیا

مزید برآں تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کے لیے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روک دیا ہے۔ صوبائی صدر جنید اکبر کا کہنا ہے کہ پارٹی جن امیدواروں کو نامزد کرے گی وہی کاغذات جمع کرائیں گے۔

صوبائی صدر جنید اکبر کے مطابق پارلیمانی کمیٹی سینیٹ کی خالی نشست کے لیے اپنے امیدوار اور کورنگ امیدوار کا باضابطہ اعلان کرے گی، ہمارا کوئی بھی کارکن اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہ کرائے، پارلیمانی کمیٹی کے اعلان کے بعد آج پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار اور کورنگ امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائیں گے۔

شوکت یوسف زئی دست بردار

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شوکت یوسف زئی سینٹ انتخابات میں عرفان سلیم کے حق میں دست بردار ہو گئے۔

شوکت یوسف زئی نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ عرفان سلیم پاکستان تحریک انصاف کا اثاثہ ہیں، ان کو سینیٹ کا ٹکٹ ملنا چاہیے، پارٹی کے لیے عرفان سلیم کی قربانیاں ہیں ان کو پہلے بھی نظر انداز کیا گیا تھا اس بار انہیں نظر انداز کرنا پارٹی کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

شوکت یوسف زئی نے کہا کہ میں نے ایک جمہوری پراسس میں حصہ لیا تاہم ان کی خواہش ہے کہ سینیٹ کا ٹکٹ عرفان سلیم کو ملے اس لیے دست بردار ہو رہا ہوں۔