وفاقی حکومت نے توانائی بچت کیلیے ملک بھر میں بازار، مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق 7 اپریل سے ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات ، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کے حوالےسے اہم جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بازار، مارکیٹیں، شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہو گی۔
شرکا کو بتایا گیا کہ یہ فیصلہ صوبائی حکومت کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روزمرہ کے استعمال کی اشیاء کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور ہر قسم کے مالز بھی رات 8 بجے بند ہوں گے جبکہ بیکریاں، ریسٹورنٹ تندور، اور کھانے پینے کی دیگر دکانیں رات دس بجے بند کر دی جائیں گی۔
شادی ہالز، مارکیز، اور دیگر کمرشل جگہیں جن میں شادیاں منعقد ہوتی ہیں ، رات 10 بجے کے بعد بند رہیں گی، نجی پراپرٹیز اور گھروں میں بھی شادی بیاہ کی تقریبات 10 بجے رات کے بعد منعقد کرنے پر پابندی ہو گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کے اوقات کار ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے جبکہ فیصلوں کا اطلاق 7 اپریل سے ہوگا۔
اجلاس میں شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ صوبہ سندھ میں مارکیٹس اور دیگر اوقات کار کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں دی گئی سبسڈی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کرنے کا عمل جاری ہے اور اب تک 1 لاکھ ٹرانزیکشن ہو چکی ہیں۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو میں وزیراعظم نے وزرائے اعلیٰ پنجاب، خیبر پختونخوا ،بلوچستان، گلگت بلتستان اور وزیراعظم کا آزاد جموں و کشمیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قومی اہمیت کے ان اہم معاملات میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سندھ حکومت کی اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے، مجھے امید ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ بھی اس حوالے سے جلد مشاورت کا عمل مکمل کرنے کے بعد اس فیصلے میں شامل ہو جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گلگت شہر اور مظفرآباد شہر میں انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کے لئے مفت ہو گی اور تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔
اسلام آباد میں دکانوں اور مارکیٹس کے اوقات کار محدود
اسلام آباد میں دکانوں اور مارکیٹس کے اوقات کار محدود کر دیے گئے جس کا انتظامیہ نے حکم نامہ جاری کردیا۔
انتظامیہ کی جانب سے تمام مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے جس کا اطلاق ہفتے اور اتوار پر بھی ہوگا۔
انتظامیہ کے مطابق میڈیکل اسٹورز، اسپتال اور لیبارٹریز کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے جبکہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ تندور، بیکری اور دودھ کی دکانیں بھی پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق ہوٹلز اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند ہوں گے جبکہ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروس پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق شادی ہالز اور تقریبات رات 10 بجے تک محدود کر دی گئیں جبکہ گھروں اور فارم ہاؤسز میں شادی تقریبات بھی 10 بجے ختم کرنا لازم ہوگا۔