بادشاہ کو اپنے نئے گانے پر معافی مانگنی پڑگئی، معاملہ کیا ہے؟

آئندہ کسی ایسی سرگرمی میں شامل نہیں ہوں گا، بھارتی گلوکار


ویب ڈیسک April 08, 2026

معروف بھارتی ریپر وگلوکار بادشاہ نے اپنے نئے گانے ’ٹیٹیری‘ پر معافی مانگ لی۔  

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 40 سالہ گلوکار خواتین کے قومی کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور معذرت کی۔

بھارتی ریپر بادشاہ کو اپنے نئے ٹریک ٹیٹیری‘ کے بول اور ویژولز پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اس ٹریک کے ریلیز ہونے کے بعد بڑے تنازع کا شکار ہوگئے تھے۔ 

بنیادی طور پر یہ تنازع ویڈیو کے دوران گانے کے بول اور دکھائے جانے والے منظر سے شروع ہوا جو بعد میں ایک ثقافتی بحث میں تبدیل ہوگیا۔ 

معاملہ وائرل ہونے کے بعد نیشنل کمیشن فار ویمین نے اس میں مداخلت کرتے ہوئے گلوکار اور گانے سے وابستہ افراد کو طلب کیا اور کہا کہ اس گانے نے خواتین کے وقار اور شائستگی کو مجروح کیا ہے۔ 

جس پر 40 سالہ گلوکار کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور معافی مانگی، اس کے بعد یہ گانا تمام پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کمیشن سے کہا ’میں خواتین اور معاشرے کی بہتری کے لیے کام کروں گا اور میں 4 ماہ کے اندر خواتین کو بااختیار بنانے پر ایک مثبت گانا پیش کروں گا اور آئندہ کسی ایسی سرگرمی میں شامل نہیں ہوں گا۔

گلوکار نے یہ بھی وعدہ کیا کہ وہ کمزور معاشی پس منظر سے تعلق رکھنے والی 50 لڑکیوں کی تعلیم کے اخراجات برداشت کریں گے۔ 

پروجیکٹ سے وابستہ دیگر افراد، جن میں ڈائریکٹرز اور پروڈیوسر شامل ہیں، نے بھی غیر مشروط تحریری معافیاں جمع کرائیں اور ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

دوسری جانب، یہ تنازع صرف سماعت تک محدود نہیں رہا، بلکہ حکام نے سوشل میڈیا سے اس گانے کے سینکڑوں لنکس ہٹانے کے لیے بھی اقدامات کیے۔