اسلام آباد:
عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ سیشن ججز شناختی کارڈ بلاک کرنے جیسا بڑا آرڈر کیسے جاری کردیتے ہیں؟
شہری کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کے خلاف کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی، جس میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے سیشن اور ایڈیشنل سیشن ججز کی جانب سے شہریوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے پر حیرت کا اظہار کیا۔
دوران سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے اہم مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ یہ سیشن جج اور ایڈیشنل سیشن ججز لوگوں کے شناختی کارڈ کیسے بلاک کر دیتے ہیں ۔ مجھے تو حیرت ہے اتنا بڑا آرڈر سیشن ججز کیسے کر دیتے ہیں ؟۔ سمجھ نہیں آتی سیشن جج کیوں شناختی کارڈ بلاک کر دیتے ہیں ۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل صاحب یہ سیشن ججز کیسے شناختی کارڈ بلاک کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس معاملے پر عدالت کی معاونت کریں ۔
بعد ازاں عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے معاونت طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔