آبنائے ہرمز میں جہازوں کی بڑی تعداد اب بھی پھنسی ہوئی ہے، میڈیا رپورٹس

جہازوں کو اب پاسداران انقلاب نیوی کے ساتھ پیشگی رابطہ کرنا ہوگا


ویب ڈیسک April 09, 2026

آبنائے ہرمز میں جمعرات کی صبح بڑی تعداد میں جہازوں کے پھنس جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جس سے عالمی بحری آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق اس اہم آبی گزرگاہ میں بڑی تعداد میں بحری جہاز رکے ہوئے ہیں جس کی وجہ سکیورٹی خدشات اور نئی پابندیاں بتائی جا رہی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ صورتحال اس وقت سامنے آئی جب ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو اب پاسداران انقلاب کور نیوی کے ساتھ پیشگی رابطہ کرنا ہوگا اور مخصوص راستوں کا استعمال لازمی ہوگا۔

حکام کے مطابق یہ اقدامات خلیج فارس میں جاری کشیدہ صورتحال اور آبنائے ہرمز کے مرکزی راستوں میں اینٹی شپ بارودی سرنگوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔

یہ پیش رفت ایک روز قبل امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد سامنے آئی ہے جس کا مقصد 28 فروری کو تہران کے خلاف شروع ہونے والی جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار کرنا ہے۔

دوسری جانب ایران اور پاکستان کے حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں لبنان بھی شامل ہے، تاہم اسرائیل نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے بدھ کے روز لبنان بھر میں شدید فضائی حملے کیے جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔