غزہ: اسرائیلی ڈرون حملے میں الجزیرہ کے صحافی محمد وشاح جاں بحق ہوگئے۔ وہ الجزیرہ مباشر کے نمائندے کے طور پر غزہ میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد وشاح بدھ کے روز اس وقت نشانہ بنے جب وہ غزہ سٹی کے مغرب میں واقع ساحلی سڑک "الرشید اسٹریٹ" پر ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ حملے کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
الجزیرہ نیٹ ورک نے اپنے بیان میں اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محمد وشاح کو نشانہ بنانا ایک سنگین جرم ہے جو بین الاقوامی قوانین اور صحافتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ کسی حادثے کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا اقدام تھا جس کا مقصد صحافیوں کو ڈرانا اور سچ کی آواز کو خاموش کرنا ہے۔
غزہ گورنمنٹ میڈیا آفس کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 262 صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک تقریباً 2000 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔
ادھر غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک 72 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 71 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ جنگ بندی کے بعد بھی سینکڑوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
عالمی تنظیموں اور صحافتی اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس واقعے کی مذمت کریں، ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور غزہ میں صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔