کراچی:
شہر قائد میں آج ہواؤں کی رفتار کم ہونے اور تیز دھوپ کے سبب نسبتاً گرم دن ریکارڈ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں گرمی کی جذوی لہر کا آج سے آغاز ہوگیا، 3 روز کے دوران کراچی میں گرم دن ریکارڈ ہو سکتے ہیں اور اتوار کو کراچی کا پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کر سکتا ہے۔
کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 اور ہفتے کو 37 ڈگری ریکارڈ ہو سکتا ہے۔
شہر میں دن کے پہلے پہر بلوچستان کی شمال مشرقی سمت کی ہوائیں چلنے کی توقع ہے، اس دوران سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں غیر فعال رہ سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب معتدل ہونے اور سمندری ہواؤں کی مختصر وقت کے بندش کے سبب ہیٹ ویو کا امکان نہیں ہے۔ صوبے کے بیشتر شہروں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
شہر کا آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے۔