وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان

ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول فی لیٹر 12 روپے کم ہوگا


ویب ڈیسک April 10, 2026
فوٹو اسکرین گریپ

وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں بڑی جبکہ پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کا اعلان کردیا، جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ عالمی مارکیٹ میں کمی کے بعد مجھے یہ تجویز دی گئی کہ اس کا مکمل فائدہ عوام تک نہ پہنچایا جائے اور کچھ حصہ حکومتی اخراجات کیلیے مختص کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے اپنی اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ عوام نے جب مہنگائی کو برداشت کیا تو اب انہیں پورا ریلیف ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی کے بعد آج رات 12 بجے کے بعد سے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 135 روپے جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے کمی کا اعلان کیا۔

حالیہ کمی کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 385.54 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت 366.58 روپے ہوجائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے چاروں صوبوں، گلگلت بلتستان و آزاد کشمیر کیلیے جو سبسڈی کا اعلان کیا تھا وہ جاری رہے گا۔

دوسری جانب حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 134.81 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 11.83 روپے کی کمی کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق حالیہ کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 366 روپے 58 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 385 روپے 54 پیسے ہوگئی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی سائٹ پر حکومت کے منظور کردہ یٹ کی فہرست جاری کی جس کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 17 روپے 33 پیسے کی کمی کی گئی جس کے بعد فی لیٹر قیمت 467 روپے 78 پیسے سے کم ہوکر 450 روپے 15 پیسے ہوگئی۔

اس کے علاوہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 25.31 روپے کی کمی کے بعد 369.72 روپے ہوگئی ہے۔