ایران کیساتھ پاکستان میں جنگ بندی مذاکرات؛ ٹرمپ کا قوم سے خطاب مؤخر

وائٹ ہاؤس نے منگل کے روز قوم سے صدر ٹرمپ کے براہِ راست خطاب پر غور کیا تھا۔


ویب ڈیسک April 11, 2026
امریکا میں ایران جنگ کے باعث مہنگائی کا طوفان آگیا

وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ ٹیلی وژن خطاب کا ارادہ ترک کر دیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس نے منگل کے روز قوم سے صدر ٹرمپ کے براہِ راست خطاب پر غور کیا تھا۔

تاہم بعض مشیروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جنگ بندی مذاکرات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اس لیے معاہدے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایک جانب جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کی بحالی کے حوالے سے اعتماد ظاہر کرنا چاہتی تھی جبکہ دوسری جانب اسے غیر یقینی پہلوؤں کا بھی ادراک تھا۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر صدر ٹرمپ بھی خطاب کرنے پر پُرعزم تھے تاہم بعد میں انھیں اس سے باز رکھا گیا کیونکہ معاہدے کی تفصیلات ابھی واضح نہیں تھیں اور اعلیٰ مشیر اس پر مزید غور کر رہے تھے۔

اس حوالے سے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس حوالے سے بات چیت ضرور ہوئی تھی لیکن معاملہ اس حد تک نہیں پہنچا کہ میڈیا نیٹ ورکس کو آگاہ کیا جاتا۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے فیک نیوز قرار دیا اور کہا کہ اس نوعیت کی کوئی بات صدر کے سامنے زیر غور ہی نہیں آئی۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے کیا تھا جو ان کی مقررہ ڈیڈ لائن سے چند گھنٹے قبل سامنے آیا تھا۔