وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے غیر ملکی صحافیوں کو فراہم کی گئی سہولیات سے متعلق کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران اور امریکہ کے صحافیوں کے لیے ویزا آن ارائیول کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کوریج کے لیے دنیا بھر سے صحافی پاکستان پہنچ رہے ہیں اور اب تک تقریباً 50 صحافی ملک میں آ چکے ہیں۔
وزیر اطلاعات کے مطابق چین، سعودی عرب، جاپان، جرمنی اور کوریا سمیت مختلف ممالک کے صحافیوں نے ویزا کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے جناح کنونشن سینٹر میں غیر ملکی صحافیوں کے لیے ایک ہی چھت تلے تمام ضروری سہولیات فراہم کر دی ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ صحافیوں کے لیے ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، پرنٹرز، کمپیوٹرز اور اسکرینز نصب کی گئی ہیں، جبکہ صحافتی امور انجام دینے کے لیے درکار دیگر سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق جناح کنونشن سینٹر ریڈ زون کے قریب واقع ہے جس کے باعث صحافی باآسانی کوریج کر سکتے ہیں، جبکہ انہیں خصوصی کارڈز بھی جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کوریج کے دوران صحافیوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے، اور کوریج کے لیے آنے والے غیر ملکی صحافیوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا جاتا ہے۔