خون کی کمی اور کینسر کے درمیان تعلق کا انکشاف!

یہ تحقیق اسٹاک ہوم ارلی ڈیٹیکشن آف کینسر اسٹڈی (STEADY-CAN) کے رجسٹر ڈیٹا پر مبنی ہے


ویب ڈیسک April 13, 2026

تازہ ترین تحقیق کے مطابق صحت کے نظام میں خون کی کمی (انیمیا) کی تشخیص ہونے والے افراد میں کینسر اور موت کے خطرے میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

آبادی پر کی گئی کیرولنسکا انسٹیٹیوٹ کی اس نئی تحقیق میں شائع ہونے والے نتائج روزمرہ کے علاج میں انیمیا کے مریضوں کی بہتر نگرانی میں مدد دے سکتے ہیں

انیمیا ایک عام حالت ہے جس میں خون میں ہیموگلوبن کی سطح نارمل سے کم ہو جاتی ہے۔ اس تحقیق میں سائنس دانوں نے یہ جانچنے کی کوشش کی کہ نئے تشخیص شدہ انیمیا کا کینسر اور اموات کے خطرے سے کیا تعلق ہے، اور یہ بھی دیکھا کہ کیا سرخ خون کے خلیوں کے سائز کے مطابق انیمیا کی مختلف اقسام اس خطرے کو متاثر کرتی ہیں۔

یہ تحقیق اسٹاک ہوم ارلی ڈیٹیکشن آف کینسر اسٹڈی (STEADY-CAN) کے رجسٹر ڈیٹا پر مبنی ہے، جس میں 2011 سے 2021 تک اسٹاک ہوم کاؤنٹی کی تقریباً پوری بالغ آبادی شامل تھی۔

مطالعے میں تقریباً 1 لاکھ 90 ہزار ایسے بالغ افراد شامل کیے گئے جن میں نیا انیمیا تشخیص ہوا اور ان کے مقابلے میں اتنے ہی افراد شامل کیے گئے جنہیں انیمیا نہیں تھا۔ تمام افراد کی عمر 18 سال سے زیادہ تھی اور مطالعے کے آغاز پر کسی کو کینسر نہیں تھا۔

ان سب افراد کو انیمیا کی تشخیص کے بعد 18 ماہ تک فالو کیا گیا۔ جس کے بعد نتائج کچھ یوں سامنے آئے،انیمیا والے مردوں میں سے 6.2 فی صدکو کینسر ہوا ، انیمیا والی خواتین میں سے 2.8 فی صد کو کینسر ہوا جبکہ بغیر انیمیا کے افراد میں یہ شرح بالترتیب2.4 اور 1.1 فی صد تھی۔

اسی طرح، اموات کی شرح بھی انیمیا والے گروپ میں زیادہ پائی گئی۔

تحقیق کی مرکزی مصنفہ ایلینور نیملینڈرکے مطابق محققین نے دیکھا کہ کینسر اور موت کا خطرہ انیمیا کی تشخیص کے بعد ابتدائی مہینوں میں سب سے زیادہ ہوتا ہے، لیکن یہ بڑھا ہوا خطرہ بعد کے عرصے میں بھی برقرار رہتا ہے۔