کوئٹہ میں سریاب روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا جبکہ ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق شہر کے مصروف علاقے سریاب روڈ، فیض آباد کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرتے ہوئے تین افراد کو قتل جبکہ دو کو زخمی کر دیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں ہارون مینگل ولد جمیل، غفور ولد وحید بخش اور نصیب اللہ ولد نامعلوم شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں جمیل اور عبدالحفیظ شامل ہیں۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے جس کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واقعے میں زخمی ہونے والے جمیل مینگل نے بتایا کہ وہ عدالت پیشی کے بعد واپس جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ خود زخمی ہوئے جبکہ ان کا بیٹا ہارون مینگل سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔