ایران میں ’رجیم چینج‘ ہونے تک مشن جاری رہے گا؛ موساد چیف نے اسرائیلی منصوبہ بتادیا

ہم نے تہران کے قلب میں رہ کر اپنی فضائیہ کو درست نشانہ لگانے کے لیے تنصیبات کی معلومات فراہم کیں، موساد


ویب ڈیسک April 14, 2026
ایران میں حکومت کی تبدیلی تک ہمارا مشن جاری رہے گا؛ موساد چیف

اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیا نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف حالیہ امریکی اسرائیلی جنگ کے باوجود تاحال ان کا مشن ختم نہیں ہوا ہے۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق یہ بیان موساد چیف نے ہولوکاسٹ کی یادگاری تقریب کے دوران دیا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ موساد نے تہران کے قلب میں اپنا کام انجام دیا اور اسرائیلی فضائیہ کو اہم اور درست انٹیلیجنس فراہم کی۔

موساد چیف ڈیوڈ بارنیا نے مزید بتایا کہ ہمارے ایجنٹس نے کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر ہی اسرائیلی فضائیہ نے ایران کی میزائل تنصیبات کو نشانہ بناکر تباہ کردیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایران کے یہ دور تک مار کرنے والے خطرناک میزائل اسرائیل کی سالمیت اور خود مختاری کے لیے خطرہ بن سکتے تھے۔

ڈیوڈ برنیا نے مزید کہا کہ موساد کی یہ انٹیلی جنس کارروائیاں صرف جنگی مرحلے تک محدود نہیں بلکہ بعد کے عرصے کے لیے بھی باقاعدہ منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ جنگ ختم ہوتے ہی مشن مکمل ہو جائے گا۔ ایران میں رجیم چینج تک ہماری مہم جاری رہے گی اور تب ہی ہماری ذمہ داری ختم ہوگی۔