ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی کے بعد سے کوئی جہاز نہیں گزرا؛ امریکا

امریکا کی ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی کو 24 گھنٹے مکمل ہوگئے ہیں


ویب ڈیسک April 14, 2026
ایران سے منسلک 4 جہازوں کی ناکہ بندی توڑنے کی اطلاعات تھیں

امریکا نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ناکہ بندی کے بعد سے چار جہاز ایرانی بندرگاہ سے گزرے ہیں۔

عالمی خبر ساں ادارے کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے بتایا کہ ایرانی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں کی ناکہ بندی کو 24 گھنٹے گزر گئے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس دوران کسی جہاز کو گزرنے نہیں دیا گیا۔ چھ تجارتی جہازوں نے امریکی فورسز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنا راستہ تبدیل کیا اور واپس ایرانی بندرگاہوں کی طرف لوٹ گئے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے بیان میں کہا گا ہے کہ اس ناکہ بندی میں 10 ہزار سے زائد فوجی، درجنوں جنگی بحری جہاز اور طیارے تندہی سے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ناکہ بندی ان تمام ممالک کے جہازوں پر لاگو ہوگی جو ایرانی بندرگاہوں میں داخل یا وہاں سے نکل رہے ہیں۔ ان کے علاوہ باقیوں کو آمد و رفت کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ امریکی سینٹ کام کا یہ دعویٰ ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن میں ٹریکنگ ڈیٹا کی مدد سے تصدیق کی گئی تھی کہ ایران سے منسلک چار جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے تھے۔