خیرپور: غیرت کے نام پر 18 سالہ لڑکی کا سفاکانہ قتل، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صوبائی وزیر کا نوٹس

18 سالہ روبینہ کو سرعام گولی مار دی گئی، ماموں اور کزن نے روبینہ کی زندگی کا چراغ گل کر دیا۔


ویب ڈیسک April 15, 2026

وزیر ترقی نسواں سندھ شاہینہ شیرعلی نے ٹنڈومستی خیرپور میں خاتون کو غیرت کے نام پر قتل کیے جانے کے واقعے کا نوٹس لے لیا جب کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹنڈومستی میں غیرت کے نام پر مبینہ طور پر 'کارنہن' (غیرت) کے نام پر 18 سالہ روبینہ کو سرعام گولی مار دی گئی، ماموں اور کزن نے روبینہ کی زندگی کا چراغ گل کر دیا۔

مقتولہ روبینہ شادی شدہ تھی، قتل کے محرکات کی تحقیقات جاری ہیں۔

بعد ازاں خیرپور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔

صوبائی وزیر ترقئ نسواں سندھ شاہینہ شیرعلی نے کہا کہ غیرت کے نام پر خاتون کو بے دردی سے قتل کیا جانا انتہائی افسوسناک و قابل مذمت ہے، افسوسناک واقعے میں علاقہ مکینوں کی جانب سے خاموش تماشائی کا کردار بھی قابل افسوس ہے۔

شاہینہ شیر علی نے ڈی آئی جی سکھر سے واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے ہدایت دی کہ واقعے میں ملوث مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں، سخت کاروائی کی جائے، حکومت سندھ نے خواتین کے فوری تحفظ کے لیے سیف ہاؤسز و دارالامان قائم کیے ہیں۔

شاہینہ شیر علی نے کہا کہ گھریلو و صنفی تشدد کی شکار خواتین خود کو تنہا نہ سمجھیں، خواتین کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے پیش نظر محکمہ ترقئ نسواں سندھ کے ہیلپ لائن نمبر 1094 یا دفتر سے رابطہ کریں۔

سندھ میں غیرت کے نام پر قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سماجی حلقوں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔