غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں اور تازہ کارروائیوں میں کم از کم 11 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
غزہ کی سول ڈیفنس اتھارٹی کے مطابق شمالی غزہ میں ہونے والے حملوں میں 3 اور 14 سال کے دو بچے جان کی بازی ہار گئے۔
ترجمان محمود بسال کے مطابق غزہ سٹی میں ایک پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد شہید ہوئے، جن میں ایک 3 سالہ بچہ بھی شامل تھا۔
دوسری جانب غزہ کی وزارت داخلہ نے تصدیق کی کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے شہر کے مرکزی علاقے میں پولیس گاڑی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے جبکہ ایک پولیس اہلکار کی شہادت بھی رپورٹ ہوئی۔
اس کے علاوہ شمالی علاقے بیت لاہیا میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک شہری شہید ہوا، جبکہ شام کے وقت غزہ سٹی کے شاطی پناہ گزین کیمپ کے قریب ایک چوک پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں کئی افراد نشانہ بنے۔
الشفاء اسپتال کے مطابق شاطی کیمپ میں ہونے والے ڈرون حملے کے بعد 5 لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2025 سے جاری جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی کارروائیاں نہیں رکیں، اور اس دوران اب تک تقریباً 760 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں مجموعی طور پر 72 ہزار 336 فلسطینی شہید جبکہ 2 ہزار 111 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق مسلسل حملوں سے نہ صرف جنگ بندی کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے بلکہ انسانی بحران بھی مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔