’’بھارت کا قومی نشان کیا ہے‘‘ ’’پتا نہیں‘‘

بھارتی عوام اپنے ملک اور پرچم کے بارے میں بنیادی معلومات سے نابلد


ع۔ر August 19, 2014
بھارتی عوام اپنے ملک اور پرچم کے بارے میں بنیادی معلومات سے نابلد۔ فوٹو : فائل

پندرہ اگست کو ہندوستانیوں نے اپنا اڑسٹھواں یوم آزادی منایا۔

اس موقع پر بنگلور میں، ایک یوٹیوب چینل نے شہریوں کے جذبہ حب الوطنی کی آزمائش کی۔ اس مقصد کے لیے مذکورہ چینل نے شہریوں سے کوئی جانی یا مالی قربانی طلب نہیں کی بلکہ انتہائی آسان سوالات کے ذریعے مادرِ وطن سے متعلق ان کی معلومات کو جانچا۔

اس ویڈیو سروے کے حیران کن نتائج سامنے آئے۔ بھارت کی آئی ٹی انڈسٹری کا دارالحکومت کہلائے جانے والے شہر بنگلور کے اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ بھی قومی ترانے اور قومی پرچم سے متعلق بنیادی اور آسان معلومات سے بے بہرہ نظر آئے۔ حد تو یہ ہے کہ بہت سے لوگوں کو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ بھارت کے قومی ترانے کا نام کیا ہے۔



'' امورٹل ڈریمز'' نامی یوٹیوب چینل نے اس سروے کی ویڈیو اپنے چینل پر اپ لوڈ کردی ہے جو بھارتی عوام کے لیے یقیناً شرمندگی کا باعث ہے اور دنیا پر ان کی وطن سے ' محبت ' کا پول کھول رہی ہے۔ سروے کے دوران چینل کے نمائندوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہ چلتے لوگوں سے سوالات کیے۔

ان کا پہلا سوال یہ تھا،'' انڈیا کے قومی ترانے کا کیا نام ہے؟'' بہت سے لوگ یہ سوال سُن کر منہ موڑ کر چل دیے۔ کچھ نے نفی میں سر ہلا کر اپنی لاعلمی ظاہر۔ چند ایک نے '' وندے ماترم '' کو قومی ترانہ قرار دے دیا۔

سروے کے دوران بھارت ماتا کے کئی سپوت اپنے قومی پرچم کے رنگوں کے نام نہ بتاسکے۔ ظاہر ہے کہ پھر انھیں یہ کیسے معلوم ہوسکتا تھا کہ کون سا رنگ کس کی نمائندگی کر رہا ہے۔ سروے ٹیم نے '' بھارت کا قومی نشان کیا ہے؟''، '' اشوک چکر کے اندر کتنی لائنیں ہیں؟''، '' یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کے درمیان کیا فرق ہے؟''،'' کیا آپ تحریک آزادی کے پانچ رہنماؤں کے نام بتاسکتے ہیں؟'' اور '' قومی ترانہ پڑھنے میں کتنا وقت لگتا ہے؟'' جیسے سوالات بھی کیے۔ سروے میں شامل لوگوں کی اکثریت ان سوالوں کے درست جواب نہ دے سکی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں