عمران خان ریڈ زون میں داخل ہونے کے فیصلے پر نظرثانی کریں الطاف حسین

عمران خان کو چاہئے کہ کوئی بھی ایسا اقدام نہ کریں جس سے تصادم اور خونریزی کی صورتحال پیدا ہو، قائد ایم کیو ایم


ویب ڈیسک August 18, 2014
تمام فریقین وقت ضائع کئے بغیر مذاکرات شروع کریں، الطاف حسین فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ ریڈ زون میں داخل ہونے کے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے تمام معاملات کو مذاکرات اور افہام وتفہیم سے حل کرنے کی کوشش کریں۔

لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ سیاست میں اختلافات معمول کا حصہ ہیں اور ماضی میں ایم کیو ایم کے بھی وزیر اعظم نواز شریف اور عمران خان دونوں سے سیاسی اختلافات رہے ہیں لیکن میرے نزدیک ملکی سلامتی اور عوم کی فلاح تمام تر اختلافات سے بالاتر ہے اور اسی لئے میں ماضی کے تمام تر سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ریڈ زون میں داخل ہونے کے فیصلے پر نظرثانی کریں اور کوئی بھی ایسا اقدام نہ کریں جس سے تصادم اور خونریزی کی صورتحال پیدا ہو۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک جن داخلی وخارجی بحرانوں سے گزر رہا ہے اس کا تمام فریقین کو بخوبی اندازہ ہے لہٰذا میں ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر مذاکرات کاعمل شروع کریں اور معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں