وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی کے منظم نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے ایم اے جناح روڈ کے قریب فلک ناز ٹاور کراچی میں واقع دفتر پر چھاپہ مار کارروائی کی اور اس دوران متعدد افراد کو غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث پایا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران 22 لاکھ 34 ہزار 500 روپے نقدی، لیجرز، موبائل فونز اور مشکوک ڈپازٹ سلپس برآمد کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان چین کے ساتھ منظم حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورک میں ملوث ہیں، ریکارڈ کے ابتدائی تجزیے کے مطابق گزشتہ 8 ماہ کے دوران کم از کم 40 لاکھ امریکی ڈالر غیرقانونی طور پر چین منتقل کیے گئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔