امریکا کو پہلے ہی خبردار کیا تھا؛ اب آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش کا مزہ چکھیں؛ ایرانی رہنما

ایران نے گزشتہ روز ہی آبنائے ہرمز کھولی تھی لیکن امریکی ناکہ بندی ختم نہ ہونے کی وجہ سے دوبارہ بند کردی


ویب ڈیسک April 18, 2026
اب جنگ کا خاتمہ ہماری شرائط پر ہوگا؛ ایران

امریکا کی جانب سے ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی ختم نہ کرنے کے جواب میں پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کو آج پھر بند کردیا اور کم از کم 4 آئل ٹینکرز کو واپس جانے پر مجبور کردیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اس بدلتی صورت حال پر قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے امریکا کے نام ایک سخت پیغام جاری کیا ہے۔

ابراہیم عزیزی کے بقول ایران نے پہلے ہی امریکا کو خبردار کیا تھا لیکن ٹرمپ انتطامیہ نے ہماری شکایت پر توجہ نہیں دی۔ اس لیے اب مزہ چکھیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش اور سخت قوانین کا دوبارہ نفاذ دراصل امریکا کی بدنیتی کا ردعمل ہے۔

ایران کی قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے مزید کہا کہ انقلابِ خمینی کے آغاز سے اب تک امریکا کا وطیرہ معاہدوں کی خلاف ورزی کا ہی رہا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ سیاہ ریکارڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ وعدہ خلافی امریکا کی سیاسی پالیسی کا ہمیشہ سے لازمی حصہ رہی ہے۔

ایرانی قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ نے امریکی صدر کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ حقیقت کے بجائے خیالی باتوں کو ترجیح دے رہے ہیں اور وہ بہت زیادہ باتیں کرتے ہیں۔