کراچی؛ سابقہ شوہر کی گھر میں گھس کر فائرنگ، خاتون اور دو بچے بے دردی سے قتل

ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، پولیس


ویب ڈیسک April 19, 2026

کراچی:

بلدیہ ٹاؤن نیول کالونی میں رہائش پذیر خاتون اور اس کے دو کم عمر بیٹوں کو خاتون کے سابقہ شوہر نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا، ملزم نے 2 سال قبل اپنی بیوی کو طلاق دے دی تھی، ملزم نے گھر میں گھس پر ماں اور 2 کم عمر بیٹوں کو بے دردی سے قتل کیا۔

تفصیلات کے مطابق سعید آباد تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نیول کالونی سیکٹر 6 گلی نمبر 4 میں واقع مکان نمبر 43 میں رہائش پذیر ماں اور اس کے 2 کم عمر بیٹوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پر طلب کرلیا جبکہ مقتولین کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول ٹراما سینٹر منتقل کی گئیں۔

فائرنگ کے واقعے کی اطلاع پر ایس ایس پی کمیاڑی ملک سنگھار بھی موقع پر پہنچے اور شواہد کا جائزہ لیا، فائرنگ کرکے قتل کی جانے والی خاتون کی شناخت 35 سالہ سمعیہ اور اس کے کم عمر بیٹوں کی شناخت 14 سالہ شہروز عرف شمہروز اور 12 سالہ عبداللہ کے ناموں سے کی گئی۔ مقتولین ماں اور بیٹوں کا آبائی تعلق بہاولپور سے تھا۔

ایس ایچ اوسعید آباد پرویز سولنگی نے ایکپسریس کو بتایا کہ واقعے کی اطلاع مقتولہ کے کزن فہد کی جانب سے پولیس کو دی گئی اور ابتدائی معلومات کے مطابق مقتولہ اور اس کے 2 بیٹوں کو مقتولہ کے سابقہ شوہر شوکت نے گھر میں گھنس پر فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم شوکت نے مقتولہ کو 2 سال قبل طلاق دے دی تھی اور ان کے درمیان تعلقات کشیدہ تھے اور اہل محلہ کے مطابق سابقہ شوہر جب بھی گھر آتا تھا تو لڑائی جھگڑا ہوتا تھا، مقتولہ نے نان نفقہ کے لیے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزم سابقہ شوہر موقع سے فرار ہوگیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے اور جائے وقوع کی جیو فینسنگ سمیت دیگر تکنیکی ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔

ادھر ایس ایس پی کیماڑی ملک سنگھار نے بتایا کہ مقتولین کو انتہائی قریب سے سر پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا، پولیس کو جائے وقوع سے متعدد گولیوں کے خول ملے ہیں جنہیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔

ایس ایس پی کیماڑی ملک سنگھار کا کہنا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے اور جانوں کے ضیاع میں ملوث ملزم کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بلدیہ ٹاؤن واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کیماڑی سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔

انکا کا کہننا تھا کہ ابتدائی اطلاعات انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہیں، ملزم کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، خاتون اور معصوم بچوں کے قتل میں ملوث ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں اور پولیس کو جدید خطوط پر تفتیش یقینی بنایا جائے، کرائم سین سے حاصل شواہد کی روشنی میں فوری پیش رفت کی جائے۔

ضیاءالحسن لنجار نے معصوم جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے کی ہدایت کی ہے۔