پروٹوکول کےنام پر لاکھوں کی ادائیگی، زمبابوے کےراستےجنوبی افریقہ جانے کی کوشش ناکام، 2 مسافر ڈی پورٹ

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پورٹ ہونے والے ملزمان سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی جاری ہے۔


ویب ڈیسک April 20, 2026

پروٹوکول کے لیے بھاری رقم ادا کر کے زمبابوے کے راستے جنوبی افریقہ داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا، انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شوال ندیم اور توقیر حسین نے ایئرپورٹ پر خصوصی پروٹوکول کے لیے ایک لاکھ 90 ہزار روپے سید ہارون کے اکاؤنٹ میں جمع کرائے،ایئرپورٹ پر ایک شخص نے دونوں مسافروں کو غیر معمولی پروٹوکول کے تحت امیگریشن سے کلیئر کروایا۔

کلیئرنس کے بعد مسافر ادیس ابابا کے راستے ہرارے پہنچے جہاں امیگریشن حکام نے انہیں مشکوک قرار دے کر کراچی ڈی پورٹ کر دیا۔

تحقیقات کے مطابق ملزمان کو ویزوں کی سہولت سوازی لینڈ میں مقیم بلال معاذ نے فراہم کی جبکہ پروٹوکول دینے والے شخص کی شناخت کے لیے ایئرپورٹ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پورٹ ہونے والے ملزمان سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی جاری ہے۔