تباہ حال غزہ کی بحالی کیلئے 71 ارب ڈالر درکار ہیں، عالمی اداروں کی چونکا دینے والی رپورٹ

اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے فوری اقدامات کرے


ویب ڈیسک April 21, 2026

اسرائیلی حملوں سے غزہ میں جاری تباہی کے بعد اس کی تعمیرِ نو کے لیے بھاری مالی وسائل درکار ہوں گے۔ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق غزہ کی بحالی کے لیے تقریباً 71.4 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ اور یورپی یونین کی جانب سے جاری کردہ ’غزہ ریپڈ ڈیمیج اینڈ نیڈز اسسمنٹ‘ رپورٹ میں گزشتہ 24 ماہ کے دوران ہونے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنگ اور فضائی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں رہائشی عمارتیں، سڑکیں، اسپتال، تعلیمی ادارے اور بنیادی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بڑے پیمانے پر انفرااسٹرکچر کی تباہی کے باعث نہ صرف لاکھوں افراد بے گھر ہوئے بلکہ صحت، تعلیم اور روزگار کے شعبے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق غزہ کی مکمل بحالی ایک طویل اور پیچیدہ عمل ہوگا جس کے لیے عالمی سطح پر مالی اور تکنیکی تعاون ناگزیر ہے۔

اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے فوری اقدامات کرے، تاکہ متاثرہ آبادی کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور خطے میں استحکام بحال ہو سکے۔