خالی پیٹ کیلا کھانا نقصان دہ؟ ماہرین نے اہم حقائق سے خبردار کردیا

کیلے میں موجود کچھ تیزابی اجزا خالی معدے پر تیزابیت اور بدہضمی کا باعث بن سکتے ہیں


ویب ڈیسک April 22, 2026

کیلا ایک عام مگر نہایت مقبول پھل ہے جسے بچے ہوں یا بڑے، سب شوق سے کھاتے ہیں۔ غذائیت سے بھرپور ہونے کے باعث اسے صحت کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے، تاہم ماہرینِ غذائیت خبردار کرتے ہیں کہ اسے خالی پیٹ کھانا ہر کسی کے لیے فائدہ مند نہیں ہوتا اور بعض صورتوں میں یہ الٹا نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق کیلا فوری توانائی فراہم کرتا ہے کیونکہ اس میں قدرتی شکر جیسے گلوکوز، فریکٹوز اور سوکروز وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے کھاتے ہی جسم کو توانائی ملتی ہے، مگر یہ شوگر لیول کو تیزی سے بڑھا کر کچھ ہی دیر بعد اچانک گرا بھی سکتا ہے، جس سے کمزوری، بھوک اور چڑچڑاپن جیسی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ کیلا عمومی طور پر الکلائن سمجھا جاتا ہے، لیکن اس میں موجود کچھ تیزابی اجزا خالی معدے پر تیزابیت اور بدہضمی کا باعث بن سکتے ہیں، خاص طور پر ان افراد میں جو پہلے ہی معدے کے مسائل کا شکار ہوں۔ بعض افراد کو خالی پیٹ کیلا کھانے کے بعد گیس، اپھارہ یا متلی جیسی شکایات بھی محسوس ہوتی ہیں، جو عموماً کچے یا نیم پکے کیلے کی وجہ سے بڑھ جاتی ہیں۔

طبی ماہرین یہ بھی بتاتے ہیں کہ کیلے میں موجود پوٹاشیم اور میگنیشیم کی مقدار اگر اچانک بڑھ جائے تو یہ دل اور گردوں کی کارکردگی کو متاثر کر سکتی ہے، خاص طور پر اُن لوگوں میں جنہیں پہلے سے گردوں کے مسائل درپیش ہوں۔ اسی طرح زیادہ مقدار میں کیلا کھانے سے شوگر لیول بھی غیر متوازن ہو سکتا ہے۔

ماہرین کی رائے ہے کہ کیلا ضرور کھائیں، مگر خالی پیٹ اکیلے نہیں۔ اسے دہی، خشک میوہ جات یا چیا سیڈز کے ساتھ شامل کر کے کھانا زیادہ بہتر ہے۔ اس کے علاوہ ایک وقت میں ایک کیلا ہی کافی سمجھا جاتا ہے، جبکہ دودھ یا آئس کریم کے ساتھ اس کا استعمال ہاضمے پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ معمولی سی احتیاط اپنا کر اس مفید پھل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، بصورت دیگر یہی فائدہ مند غذا بعض افراد کے لیے مسئلہ بھی بن سکتی ہے۔